مینگلور 11/اپریل (ایس او نیوز) لاک ڈاؤن کی وجہ سے محمد یعقوب نامی ایک شخص کی فیملی کیرالہ کے منجیشور میں پھنسی ہوئی تھی۔کیرالہ کے ساتھ کرناٹکا کی سرحدوں کو بند کر دینے کی وجہ سے وہ لوگ اڈور میں واقع اپنے گھر نہیں پہنچ پارہے تھے۔ آخر انہوں نے ایک کشتی کاسہارا لیا اوریعقوب سمیت سات افراد پر مشتمل یہ فیملی کسی طرح تلپاڈی پہنچی اور وہاں سے اپنے گاؤں پہنچ گئی۔
لیکن ان کے لئے مصیبت اس وقت شروع ہوگئی جب وہ راشن لینے کے لئے قطار میں کھڑے ہوگئے۔ علاقے کے لوگوں نے ان کو دیکھاتو خوف زدہ ہوگئے اورمتعلقہ حکام کواس کی اطلاع کردی۔خبر ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آگئی اور پورے خاندان کو سب سے پہلے وینلاک اسپتال میں کوارنٹائن کروادیا۔ پھر غیر قانونی طور پر منگلورو میں داخل ہونے، لاک ڈاؤن کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے اورخود کو، اپنے خاندان کواور عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے بجپے پولیس اسٹیشن میں فوجداری قانون کی مختلف دفعات کے تحت ان پر کیس دائر کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شاکر نامی ایک شخص نے یعقوب کوپانی کے راستے سے تلپاڈی میں اترنے اور پھر وہاں سے اڈور تک پہنچنے کے لئے ضروری سہولیات فراہم کی تھیں۔